پشاور(سی بی این پاکستان)پشاور شہر میں بڑھتے سکیورٹی خدشات اور دہشت گردوں کی جانب سے ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر پولیس نے حساس تھانوں، پولیس چوکیوں پر حفاظتی جال نصب کر دیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کے نتیجے میں تھانہ متنی پر کیے گئے 2 ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیا، حالیہ عرصے میں دہشت گردوں کی جانب سے پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں پولیس تھانوں اور چوکیوں کو کواڈکاپٹر اور ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوششیں سامنے آئی ہیں۔حکام کے مطابق حسن خیل میں ایک گھر کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔اس واقعے کے بعد ڈرون حملوں سے نمٹنے اور حساس پولیس تنصیبات کو محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے پر توجہ دی گئی۔حالیہ دنوں میں تھانہ متنی اور تھانہ چمکنی کی حدود میں ترناب فارم پولیس چوکی پر بھی کواڈکاپٹر ڈرون کے ذریعے حملہ کیا گیا۔پولیس کے مطابق حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ ان واقعات کے بعد پولیس تنصیبات کو ڈرون حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے نئے حفاظتی انتظامات کیے گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے ڈرون حملوں کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر حساس مقامات پر خصوصی حفاظتی جال نصب کردیئے گئے ہیں۔ان مقامات میں تھانہ متنی، ریگی، ادیزئی پولیس چوکی سمیت سرحدی علاقوں کے قریب واقع پولیس عمارتیں اور دیگر تنصیبات شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق حفاظتی جال کی تنصیب کا مقصد ڈرون یا کواڈکاپٹر کے ذریعے پولیس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو روکنا اور اہلکاروں و عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔
ڈرون حملوں کا خطرہ، تھانوں اور پولیس چوکیوں پر حفاظتی جال نصب
26
