Home پاکستانکاشت کاروں کی محنت سے زیتون کی پیداوار میں شاندار کامیابی ملی: وزیراعظم

کاشت کاروں کی محنت سے زیتون کی پیداوار میں شاندار کامیابی ملی: وزیراعظم

by adnan Shahid

اسلام آباد: (سی بی این پاکستان) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاشت کاروں کی محنت سے زیتون کی پیداوار میں شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔وفاقی دارالحکومت میں پاکستان نیشنل اولیو ویلیو چین پالیسی کے اجرا کی تقریب میں شہباز شریف نے شرکت کی اور زیتون کی مصنوعات کے مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔اُنہوں نے زیتون کی مصنوعات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کاشت کاروں اور ملک بھر سے زیتون پیدا کرنے والے انٹرپرینیورز سے گفتگو کی اور ان سے بریفنگ لی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا زیتون کی کاشت کو فروغ دینے والے کسانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسانوں اور ماہرین کی شب و روز محنت سے زیتون کے شعبے میں شاندار مثال قائم ہوئی ہے۔شہباز شریف نے زیتون کی کاشت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے کسانوں کو سلیوٹ پیش کیا اور انہیں عظیم پاکستانی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ لورالائی سے عبدالجبار، مردان سے قرۃ العین اور چکوال سے یعقوب اظہار کی محنت قابل تحسین ہے۔وزیراعظم کا زیتون کی کاشت کے فروغ کے لیے صوبائی حکومتوں کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسانوں نے ثابت کیا ہے کہ عزم، محنت اور جدید سوچ کے ذریعے بڑے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت زرعی انقلاب کے لیے کسانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی اور زیتون سمیت جدید زرعی شعبے کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔