(سی بی این پاکستان )قدرتی آفات کے دوران عوامی خدمت کی روایت برقرار رکھتے ہوئے پاک فوج نے سسی حراموش کے مقام پر تباہ ہونے والے پل کی جگہ 6 روز میں عارضی پل تعمیر کر دیا، جس سے گلگت جگلوٹ سکردو ٹریفک بحال ہو گئی۔6 روز میں عارضی پل تعمیر ہونے کے بعد سکردو اور بلتستان کا پاکستان کے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ مکمل طور پر بحال ہو گیا ہے، جس سے مقامی آبادی، مسافروں، سیاحوں اور تجارتی سرگرمیوں کو بڑا ریلیف ملا ہے۔حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث سسی حراموش کے مقام پر پل ریلے میں بہہ گیا تھا، جس سے شاہراہِ بلتستان پر آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی تھی۔پل کی تباہی کے باعث مقامی آبادی، سیاحوں، مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، جبکہ اشیائے خورونوش کی ترسیل بھی متاثر ہوئی تھی۔پاک فوج کی ایف سی این اے انجینئرز کور کے افسران اور جوانوں نے پانی کے تیز بہاؤ اور خراب موسمی حالات کے باوجود شب و روز مسلسل محنت کرتے ہوئے صرف چھ دن میں عارضی پل تعمیر کیا۔حکام کے مطابق تیز بہاؤ اور دشوار جغرافیائی حالات میں پل کی تعمیر ایک مشکل انجینئرنگ چیلنج تھی، جسے کامیابی سے مکمل کیا گیا۔جگلوٹ سکردو شاہراہ بحال ہونے کے بعد ہر قسم کی ٹریفک دوبارہ شروع ہو گئی ہے، جبکہ اشیائے خورونوش کی ترسیل اور تجارتی سرگرمیاں بھی معمول پر آنا شروع ہو گئی ہیں۔علاقے کے مقامی افراد، تاجروں اور سیاحوں نے بروقت پل کی تعمیر پر پاک فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا اور اسے متاثرہ علاقوں کے لیے ایک اہم ریلیف قرار دیا۔
پاک فوج کا کارنامہ، 6 روز میں عارضی پل تعمیر، جگلوٹ سکردو ٹریفک بحال
11
