( سی بی این پاکستان ) ضلع سوات میں مشترکہ آپریشن کے دوران ایک ایلیٹ فورس کا جوان شہید ہو گیا، جبکہ اس دوران متعدد دہشتگرد ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔سوات کے علاقہ شلخو سر میں دہشت گردوں کے خلاف سوات پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، ترجمان سوات پولیس کے مطابق کارروائی آر پی او مالاکنڈ اور ڈی پی او سوات و بر سوات کی براہِ راست نگرانی میں کی جا رہی ہے۔ترجمان سوات پولیس نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ سوات میں مشترکہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی مؤثر کارروائی جاری ہے، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے حوصلے پست ہو چکے ہیں اور انہیں گھیرے میں لے کر محصور کر دیا گیا ہے۔یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے، جبکہ ان کے متعدد ساتھی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔سوات پولیس کے مطابق دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے گلفام نامی ایلیٹ فورس کے جوان نے جامِ شہادت نوش کیا۔پولیس نے شہید اہلکار کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے فورس ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ترجمان کے مطابق شلخو سر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تاحال جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز علاقے میں سرچ اور کلئرنس کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سوات میں مشترکہ آپریشن ، ایلیٹ فورس کا جوان شہید، متعدد دہشتگرد ہلاک ہونے کی اطلاعات
14
