(سی بی این پاکستان)خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے نواحی پہاڑی گاؤں مالگین میں شدید بارش کے دوران ایک کچے مکان کی چھت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مکان میں ایک تقریب جاری تھی اور متعدد افراد اندر موجود تھے۔ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ریسکیو کے مطابق فوری طبی امداد کے بعد زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔کوہاٹ میں بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے قیامت صغریٰ، امدادی اداروں کے مطابق ملبہ ہٹانے کے دوران مزید لاشیں نکالی گئیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر11 ہو گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔دوسری جا نب خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے تحصیل لاچی کے علاقے مالگین میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔شفیع جان کے مطابق ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو ملبے سے نکالا، زخمیوں کو ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، صوبائی حکومت اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ حکومت متاثرین کو ہر ممکن امداد اور تعاون فراہم کرے گی۔ماہرین کے مطابق مسلسل بارشوں کے دوران کچے اور خستہ حال مکانات زیادہ خطرے کا شکار ہوتے ہیں۔ شہریوں کو چاہیے کہ خراب موسم میں ایسے گھروں میں رہائش سے حتی الامکان گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
کوہاٹ: چھت گرنے سے قیامت صغریٰ، 11 افراد جاں بحق، 12 زخمی
23
previous post
