Home کھیلپی سی بی کا ڈومیسٹک سیزن 2026-27 کے ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس کا اعلان، ستمبر سے ایکشن شروع ہوگا

پی سی بی کا ڈومیسٹک سیزن 2026-27 کے ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس کا اعلان، ستمبر سے ایکشن شروع ہوگا

by adnan Shahid


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک کے ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے کو مزید مضبوط اور منظم بنانے کے لیے ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس سیزن 2026-27 کے جامع شیڈول اور نئے فارمیٹ کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق، نئے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز اگست 2026 سے ہوگا جبکہ روایتی طور پر دسمبر اور جنوری میں کھیلے جانے والے ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس کو اس بار تبدیل شدہ شیڈول کے تحت ستمبر 2026 سے ہی شروع کر دیا جائے گا۔ اس سال سیزن میں مجموعی طور پر چار بڑے ٹورنامنٹس شامل ہوں گے، جن میں چار روزہ فرسٹ کلاس پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ I، لسٹ اے پریذیڈنٹس کپ، اور تین روزہ پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ II کے گولڈ اور سلور ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ آٹھ آٹھ ٹیموں پر مشتمل پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ I اور پریذیڈنٹس کپ کو سیزن میں مرکزی حیثیت حاصل ہوگی،کرکٹ بورڈ کے مطابق، لسٹ اے فارمیٹ کے ‘پریذیڈنٹس کپ ون ڈے ٹورنامنٹ’ کو اس بار خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ یہ ٹورنامنٹ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے قومی اسکواڈ کی تیاریوں اور بیک اپ ٹیلنٹ کو نکھارنے کا ایک اہم ذریعہ بنے گا۔ مقابلوں کے معیار کو مزید سنسنی خیز بنانے اور سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ قومی کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک سطح پر زیادہ سے زیادہ ان ایکشن رکھنے کے لیے بورڈ اس سیزن میں پہلی بار ”گیسٹ پلیئر” (Guest Player) کا جدید تصور بھی متعارف کروا رہا ہے۔ دوسری جانب، کھلاڑیوں کے لیے کھیل کے معیار کے ساتھ ساتھ فٹنس کے بین الاقوامی اصولوں کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے؛ پی سی بی کے سخت احکامات کے مطابق چاروں ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس میں شریک کھلاڑیوں کے لیے ٹیم سلیکشن سے قبل پری سیزن فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہوگا، اور فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ٹورنامنٹس کو مزید مسابقتی اور جاندار بنانے کے لیے پی سی بی نے پروموشن اور ریلیگیشن کا ایک سخت نظام متعارف کروایا ہے، جس کے تحت حال ہی میں پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ II سلور کے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کو بہترین کارکردگی کی بنیاد پر گریڈ II گولڈ میں ترقی (Promote) دے دی گئی ہے، جبکہ گولڈ ٹورنامنٹ کی آخری دو پوزیشنز پر رہنے والی ٹیمیں سلور گریڈ میں تنزلی (Downgrade) کا شکار ہو جائیں گی۔ اسی طرح، پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ II گولڈ کے فائنل کی فاتح ٹیم رواں سال ستمبر میں ہی براہِ راست گریڈ I فرسٹ کلاس کھیلنے کی اہل قرار پائے گی، جبکہ گریڈ I کی آخری نمبر پر آنے والی ٹیم اگلے سیزن میں گریڈ II گولڈ کا حصہ بنے گی۔ اس وقت گریڈ I میں شمولیت کے لیے ‘ایم آئی ٹی سلوشنز’ اور ‘کنگز مین اکیڈمی’ کے درمیان سخت دوڑ جاری ہے اور ان میں سے کوئی ایک ٹیم اس باوقار فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں جگہ بنا پائے گی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ تمام ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ مل کر نہ صرف کرکٹ کے معیار کو بلندیوں پر لے جا رہا ہے بلکہ اس شراکت داری کے ذریعے ڈومیسٹک کرکٹرز کے لیے مستقل اور مستحکم مالی و معاشی مواقع پیدا کرنا بھی بورڈ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،