(سی بی این سپورٹس ڈیسک)

جنوبی افریقہ نے ٹورنامنٹ کے آغاز میں میکسیکو کے ہاتھوں 0-2 کی مایوس کن شکست کھائی تو سب حیران تھے کہ ورلڈ کپ کی ایک طاقتور ٹیم آگے کیسے بڑھے گی، تاہم اگلے ہی میچ میں جنوبی افریقہ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ناقدین کو خاموش کر دیا۔ جنوبی افریقی نے ایک اہم میچ میں جنوبی کوریا کے خلاف فیصلہ کن میچ جیت کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔ مونتری میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول دوسرے ہاف میں تھاپیلو ماسی کو نے اسکور کیا، جس نے جنوبی افریقا کی فتح یقینی بنا دی۔ جنوبی کوریا کے ہیڈ کوچ میونگ بو ہونگ نے حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے ٹیم کے کپتان اور اسٹار فٹبالر سون ہیونگ من کو ابتدائی لائن اپ میں شامل نہیں کیا۔ ایشیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جانے والے سون کی عدم موجودگی نے شائقین کو حیران کر دیا۔ جنوبی کوریا نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور قائم مقام کپتان کم من جے کا طاقتور ہیڈر گول لائن پر آبری موڈیبا نے روک دیا، جبکہ لی کانگ اِن کی ایک کوشش بھی ہدف سے باہر چلی گئی۔ ابتدائی دباؤ کے بعد جنوبی افریقا نے میچ پر گرفت مضبوط کر لی اور بھرپور جذبے اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم کئی مواقع پر ان کی فنشنگ مایوس کن رہی۔ اس کے باوجود ماسی کو کے گول نے جنوبی افریقی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلا دی اور وہ پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئی۔
