Home پاکستاننوشہرہ سے ہیڈ محرر سمیت 3 پولیس اہلکار لاپتہ، مبینہ اغوا کی اطلاعات

نوشہرہ سے ہیڈ محرر سمیت 3 پولیس اہلکار لاپتہ، مبینہ اغوا کی اطلاعات

by adnan Shahid

نوشہرہ: (سی بی این پاکستان)ضلع نوشہرہ کے حساس علاقے نظام پور میں تھانے کے ہیڈ محرر سمیت تین پولیس اہلکار مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئے، جس کے بعد ضلع بھر کی پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق لاپتہ اہلکاروں میں تھانے کے محرر نعیم اللہ، کانسٹیبل عامر اور کانسٹیبل نور اسلام شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں اہلکاروں کو مبینہ طور پر دہشت گردوں نے سرکاری گاڑی سے اتار کر اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ سرکاری گاڑی موقع پر موجود پائی گئی ہے، تاہم پولیس حکام کی جانب سے تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ اہلکاروں کو اغوا کیا گیا ہے۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور لاپتہ اہلکاروں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔نظام پور تھانہ نوشہرہ اور کوہاٹ کے قریب واقع ہونے کے باعث حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے، جہاں ماضی میں پولیس اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان جھڑپوں کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں۔تین پولیس اہلکاروں کے اچانک لاپتہ ہونے کے واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پائی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات اور اہلکاروں کی تلاش جاری ہے، جبکہ مزید معلومات تحقیقات میں پیش رفت کے بعد سامنے آئیں گی۔