صوابی:(سی بی این پاکستان) صوابی میں یارحسین پولیس نے موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی بین الضلاعی چور گروہ گرفتار کر کے مختلف ماڈلز کی 9 چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔پولیس کے مطابق ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کی خصوصی ہدایات پر تھانہ یارحسین پولیس نے موٹرسائیکل چوری کے خلاف کارروائی کی۔ خفیہ اطلاعات اور پیشہ ورانہ تفتیش کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت محمد اسماعیل ولد سیف الرحمن، حضر علی ولد طلا محمد، ساکنان کالو خان، اور نوید ولد نور زمین سکنہ کاٹلنگ ضلع مردان کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 7 عدد 70 سی سی اور 2 عدد ہونڈا 125 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں اور مختلف علاقوں میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں سرگرم تھے۔ کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی 9 موٹرسائیکلیں مختلف علاقوں سے چوری کی گئی تھیں۔پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے، حکام کے مطابق تفتیش کے دوران موٹرسائیکل چوری کی مزید وارداتوں اور گروہ کے دیگر ساتھیوں کے حوالے سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔ڈی پی او صوابی وقاص رفیق نے کہا ہے کہ چور چکار سمیت تمام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
صوابی میں بین الضلاعی چور گروہ گرفتار، 9 موٹرسائیکلیں برآمد
17
