Home پاکستانلانگ مارچ سے متعلق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی درخواست پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

لانگ مارچ سے متعلق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی درخواست پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

by adnan Shahid

پشاور(سی بی این پاکستان)پشاورہائیکورٹ نے لانگ مارچ سے متعلق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی درخواست پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا۔ پشاور ہائیکورٹ میں لانگ مارچ سے متعلق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی جانب سے درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس فرح جمشید نے درخواست پر سماعت کی،ایم این اے آصف خان، شاندانہ گلزار، شہریار آفریدی وکیل سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ درخواست قابل سماعت نہیں، لانگ مارچ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر موجود ہے،جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے کہاکہ آپ لانگ مارچ سے متعلق کیا مانگ رہے ہیں؟وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ لانگ مارچ درخواستوں کے حلقوں سے گزرنے دیا جائے،جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے کہاکہ ہم فریقین کو سنے بغیر آپ کو ریلیف نہیں دے سکتے،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ کل درخواست غیرموثر ہو گی پھر میں ریلیف لے کر کیا کروں گا، ریکارڈ پر لانا چاہتا ہوں کہ ہم قانون کے مطابق لانگ مارچ کو خوش آمدید کہیں گے،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔