Home پاکستان27سال بعد انتقام، افغان شہری کے قتل میں ملوث لیڈی ڈاکٹر اور شوہر جیل منتقل

27سال بعد انتقام، افغان شہری کے قتل میں ملوث لیڈی ڈاکٹر اور شوہر جیل منتقل

by adnan Shahid

پشاور:(سی بی این پاکستان)چمکنی کے علاقے میں افغان شہری مطیع اللہ کے قتل کے مقدمے میں گرفتار لیڈی ڈاکٹر اور اس کے شوہر کو پولیس کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق مطیع اللہ کی لاش 20ستمبرکو پیرزکوڑٹی پل کے قریب سے ملی تھی۔ مقتول کے بیٹے جاوید نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس کے والد تعلیمی دستاویزات درست کرانے کے سلسلے میں پشاور آئے تھے۔چمکنی پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران لیڈی ڈاکٹر خدیجہ اور اس کے شوہر نصرت کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں نے دوران تفتیش بتایا کہ مقتول ان کا ماموں زاد تھا اور ان کے والد اور چچا کو افغانستان میں جائیداد کے تنازع پر 1999میں قتل کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر 27 سال بعد اپنے والدین کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے مطیع اللہ کو قتل کیا۔تفتیش مکمل ہونے کے بعد پولیس نے دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔واضح رہے کہ قتل کا الزام تاحال عدالتی طور پر ثابت نہیں ہوا اور مقدمے میں ملزمان کی قانونی حیثیت زیرِ سماعت ہے۔