پشاور:(سی بی این پاکستان)کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز میں ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ محکمہ انسداد دہشتگردی کی تفتیشی ٹیم نے واقعے سے متعلق اہم شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔تفتیشی حکام کے مطابق دہشتگرد پولیس لائنز تک پہنچنے کے لیے بارودی مواد سے بھری گاڑی کے علاوہ ایک رکشہ بھی استعمال کرتے رہے، ایک خودکش بمبار رکشے میں جبکہ دو دہشتگرد موٹر سائیکل پر پولیس لائنز تک پہنچے۔حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد اپنے ساتھ آئی ای ڈیز، دستی بم اور بھاری اسلحہ بھی لائے تھے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے حملے سے قبل پولیس لائنز کی کئی مرتبہ ریکی کی تھی، جبکہ واردات میں مبینہ طور پر ملوث سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔حکام کے مطابق سہولت کاری میں مبینہ طور پر ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے دہشتگردوں کو رہائش فراہم کی اور پولیس لائنز تک رسائی ممکن بنانے میں مدد کی۔تفتیشی ٹیم کے مطابق واقعے سے متعلق بعض اہم شواہد فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں، جن کی رپورٹ تحقیقات میں مزید پیش رفت میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
کوہاٹ پولیس لائنز حملہ، دہشتگردوں کی ریکی اور سہولت کاری کا انکشاف
10
