لاہور:(سی بی این پاکستان)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے جیل اصلاحات ایجنڈے کے تحت ناخواندہ سزا یافتہ قیدیوں کو بنیادی تعلیم حاصل کرنے پر 30 دن کی خصوصی سزا معافی دینے کی منظوری دے دی گئی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے پاکستان پریزنز رولز 1978 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نئے فیصلے کے تحت ناخواندہ سزا یافتہ قیدی منظور شدہ خواندگی پروگرام مکمل کرنے اور پڑھنے، لکھنے اور حساب کتاب کی بنیادی مہارتوں میں قابلیت کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے پر 30 دن کی خصوصی سزا معافی کے حقدار ہوں گے۔سرٹیفکیٹ محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کے منظور شدہ پروگرام کے تحت جاری کیا جائے گا، جبکہ سزا میں معافی سپرنٹنڈنٹ جیل کی جانب سے دی جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر کی جیلوں میں مئی 2026 سے تعلیم بالغاں پروگرام جاری ہے۔ پروگرام کے تحت اب تک 19 ہزار 578 قیدیوں کو تعلیم دی جا چکی ہے، جن میں سے 4 ہزار 88 قیدی رہا ہو چکے ہیں، جبکہ 11 ہزار 317 قیدی خواندگی کا امتحان پاس کر چکے ہیں۔پنجاب کی 43 جیلوں میں قائم 182 خواندگی مراکز میں اس وقت 4 ہزار 173 قیدی زیر تعلیم ہیں، جن میں 3 ہزار 986 مرد، 187 خواتین اور 105 کم عمر قیدی شامل ہیں۔سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پریزن لٹریسی پروگرام کے تحت ناخواندہ قیدیوں کو بنیادی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے اور محکمہ داخلہ قیدیوں کی تعلیم، اصلاح، بحالی اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں میں تعلیم کا فروغ، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور مثبت سوچ پیدا کرنا پروگرام کے اہم مقاصد ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب پریزنرز لٹریسی پروگرام کے تحت جیلوں کو اصلاحی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جبکہ تعلیم و تربیت قیدیوں کو رہائی کے بعد دوبارہ جرائم سے دور رکھنے میں معاون ثابت ہوگی۔
پنجاب میں ناخواندہ قیدیوں کو تعلیم حاصل کرنے پر 30 دن کی خصوصی سزا معافی دینے کی منظوری
1
previous post
