Home پاکستانپشاور پولیس اہلکاروں کیلئے بڑا حکم، سیاسی مارچ اور جلوس میں شرکت پر پابندی

پشاور پولیس اہلکاروں کیلئے بڑا حکم، سیاسی مارچ اور جلوس میں شرکت پر پابندی

by adnan Shahid

پشاور: (سی بی این پاکستان)پشاور پولیس نے افسران اور اہلکاروں کو کسی بھی سیاسی مارچ، ریلی یا جلوس میں شرکت، معاونت اور سہولت کاری سے روک دیا ہے، جبکہ سرکاری وسائل، گاڑیوں، مشینری اور آلات کے سیاسی سرگرمیوں میں استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔پولیس حکام کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی پولیس افسر یا اہلکار کسی مارچ، ریلی یا جلوس میں شرکت، حمایت یا معاونت نہیں کرے گا۔مراسلے کے مطابق محکمانہ وسائل، سرکاری گاڑیاں، مشینری یا دیگر سرکاری آلات بھی کسی سیاسی مارچ یا جلوس کے لیے استعمال نہیں کیے جاسکیں گے۔پولیس اہلکاروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ انہیں کسی مارچ یا جلوس میں شرکت کے لیے مجبور، دبا میں یا مشتعل نہیں کیا جائے گا۔ اگر کسی پولیس افسر یا اہلکار کو کسی سیاسی رہنما یا عوامی نمائندے کی جانب سے دبا یا اثرورسوخ کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر معاملہ متعلقہ اعلی افسران کے نوٹس میں لائے گا۔مراسلے میں پولیس افسران کو ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افسر یا اہلکار کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت محکمانہ کارروائی کی جائے گی، جبکہ مراسلے کے مطابق سنگین خلاف ورزی پر ملازمت سے برطرفی بھی ہوسکتی ہے۔پولیس حکام نے مراسلے کی نقول متعلقہ پولیس افسران کو ارسال کردی ہیں۔