سوات: (سی بی این پاکستان) سوات میں سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس نے علی الصبح انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران تین مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ دو دہشت گرد فرار ہوگئے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی تھانہ کانجو کی حدود میں واقع علاقے سخاڈوب میں کی گئی، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبداللہ ولد سید بشر، منصور علی ولد عبدالمطلب اور غفران اللہ ولد افضل خان کے ناموں سے ہوئی۔ہلاک دہشت گرد ٹی ٹی پی کمانڈر مظفر عرف خالد گروپ سے تعلق رکھتے تھے، ہلاک دہشت گردوں سے قومی شناختی کارڈز برآمد ہوئے، جس کے مطابق تینوں کا تعلق ضلع سوات سے تھا۔حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس نفری کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی، فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کے بعد مکان سے تین دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 03 عدد کلاشنکوف، 06 عدد میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے، اس کے علاوہ کھانا پکانے کیلئے گیس سلنڈر اور کھانے پینے کے برتن بھی برآمد ہوئے، موقع سے تھانہ شکردرہ کا نقشہ اور ایک ڈائری بھی برآمد کی گئی۔ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد افضل خان گجر پر فائرنگ حملے، نعمت علی خان کے گھر اور ڈیرے پر فائرنگ، سلیم اللہ عرف ساجد نیلا گرام کی ٹارگٹ کلنگ سمیت رواں سال کے متعدد دہشت گردی کے واقعات میں ملوث رہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ٹی) نے کامیاب کارروائی پر پولیس جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا۔انہوں نے واضح کیا کہ صوبے سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
سوات: سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک
3
previous post
