پشاور:(سی بی این پاکستان ) خیبرپختونخوا کابینہ کے اہم فیصلے، ضم اضلاع کے طلبہ کے لیے میڈیکل نشستوں کی تقسیم اور مختلف سماجی بہبود کے منصوبوں سمیت متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں مختلف محکموں سے متعلق اہم امور پر فیصلے کیے گئے۔شفیع جان نے بتایا کہ کابینہ نے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ضلعی سیٹ اَپ اور پشاور ریجنل سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کے منصوبے کے لیے 5 ارب 33 کروڑ 35 لاکھ روپے کی اضافی رقم کی منظوری دی ہے۔ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد سی ٹی ڈی کی انسداد دہشت گردی کارروائیوں، انٹیلی جنس صلاحیتوں اور صوبے بھر میں خصوصی سہولیات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔صوبائی حکومت پہلے ہی ضلعی سطح پر سی ٹی ڈی سیٹ اَپ کے قیام، جس میں پشاور ریجنل سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر بھی شامل ہے، کے لیے 6591.640 ملین روپے کی منظوری دے چکی ہے۔خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کی آپریشنل صلاحیتوں اور وسائل کا معاملہ حالیہ عرصے میں بھی زیر بحث رہا ہے۔صوبائی کابینہ نے ویلج کونسلز کی سطح پر صفائی ستھرائی پروگرام کو توسیع دینے کی بھی منظوری دی ہے، اس پروگرام پر 7660.590 ملین روپے لاگت آئے گی، جس کے تحت دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کی سہولیات کو مزید وسعت دی جائے گی۔کابینہ نے ضم اضلاع کے امیدواروں کے لیے ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کی پالیسی برائے تعلیمی سال 2026-27 کی منظوری بھی دی۔شفیع جان کے مطابق جنوبی وزیرستان کے لیے مختص 42 نشستیں مساوی بنیادوں پر تقسیم کی جائیں گی، جن میں اپر جنوبی وزیرستان اور لوئر جنوبی وزیرستان کو بالترتیب 21، 21 نشستیں ملیں گی۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں بھی اپر اور لوئر جنوبی وزیرستان کے لیے 10، 10 نشستیں مختص کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان نشستوں کی باقاعدہ تخلیق تک اضافی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔کابینہ نے طویل اور دائمی بیماریوں یا پیچیدہ طبی عوارض میں مبتلا 81 مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لیے مالی معاونت کی منظوری بھی دی۔حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایسے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے جو پیچیدہ طبی مسائل کے باعث مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔بحالی اور سماجی بہبود کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے کابینہ نے ضلع صوابی میں منشیات کے عادی افراد کے علاج اور ترکِ منشیات مرکز کی تعمیر کے لیے اراضی کی منتقلی کی منظوری دی۔اس مقصد کے لیے محکمہ اوقاف کی 4 کنال 17 مرلے اراضی محکمہ سماجی بہبود کو منتقل کی جائے گی۔کابینہ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں مجوزہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ اور سوشل ویلفیئر کمپلیکس کے قیام کے لیے بھی اراضی منتقل کرنے کی منظوری دی۔شفیع جان کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک، فشریز و کوآپریٹو کی 25 کنال اراضی محکمہ سماجی بہبود کو منتقل کی جائے گی۔شفیع جان کے مطابق کابینہ نے چینی کی برآمد سے متعلق بھی فیصلہ کیا، چینی کی برآمد کو کرشنگ سیزن اور چینی کی نئی پیداوار سے مشروط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔صوبائی کابینہ نے ورلڈ بینک کے آئی ڈی اے کے تحت کے پی ریڈی منصوبے کے لیے 250 ملین ڈالرز کی فنڈنگ حاصل کرنے کی بھی منظوری دی۔یہ فیصلہ صوبے میں ترقیاتی اور اصلاحاتی منصوبوں کے لیے بیرونی مالی معاونت کے حصول کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔شفیع جان کے مطابق کابینہ نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی منظور کردہ مشترکہ قرارداد نمبر 283 وفاقی حکومت کو ارسال کرنے کی منظوری بھی دی۔ان کے مطابق قرارداد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے ساتھ دورہ? پنجاب کے دوران پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی گئی ہے۔شفیع جان کا دعویٰ ہے کہ پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ کو زبردستی پولیس گاڑی میں منتقل کیا، انہیں سیکیورٹی اہلکاروں سے الگ کیا اور بعد ازاں سیکیورٹی کے بغیر سڑک کنارے چھوڑ دیا۔خیبرپختونخوا کابینہ کے حالیہ اجلاس میں سیکیورٹی، صفائی، صحت، تعلیم، سماجی بہبود، ضم اضلاع اور ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف شعبوں سے متعلق فیصلے کیے گئے۔صوبائی حکومت اس سے قبل بھی کابینہ اجلاسوں میں صحت، تعلیم اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے متعدد مالی منظوریوں کا اعلان کرچکی ہے
خیبرپختونخوا کابینہ کے اہم فیصلے، 250 ملین ڈالر فنڈنگ سمیت اہم منصوبوں کی منظوری
7
