پشاور:(سی بی این پاکستان)سنیپ چیٹ کے ذریعے خاتون کو مبینہ طور پر بلیک میل کرکے رقم طلب کرنے کے انکشاف کے بعد نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی پشاور نے صوابی میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بلیک میلنگ میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی سائبر کرائم کے مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے اور ضمانت پر رہا تھا، گرفتار ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایجنسی کے مطابق عثمان خیل تنگی سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون نے شکایت میں بتایا کہ چند روز قبل اس نے سنیپ چیٹ پر ایک فرینڈشپ ریکویسٹ قبول کی، جس کے بعد مذکورہ شخص نے مبینہ طور پر اس کی اجازت اور رضامندی کے بغیر تصاویر اور ویڈیوز محفوظ کرلیں۔شکایت کے مطابق ملزم خاتون کو مبینہ طور پر رقم کے لیے بلیک میل کرتا رہا اور دھمکی دیتا رہا کہ رقم نہ دینے کی صورت میں اس کی تصاویر اور ویڈیوز ٹک ٹاک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل کردی جائیں گی۔این سی سی آئی اے کے مطابق مدعیہ کو فرہاد کے نام سے ایک بینک اکاؤنٹ نمبر بھی بھیجا گیا، جس کی ٹیلی کام آپریٹر کے ذریعے مذکورہ نام سے تصدیق کی گئی۔پشاور کے مجسٹریٹ سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد سائبر کرائم ٹیم نے تحصیل لاہور، صوابی میں چھاپہ مار کر عمیرفرہاد نامی شخص کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور دو سمز برآمد کی گئیں۔این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے شکایت کنندہ کی تصاویر اور ویڈیوز سمیت مبینہ غیر اخلاقی مواد بھی برآمد ہوا، جس کے بعد ملزم کو سائبر کرائم تھانے پشاور منتقل کردیا گیا۔ایجنسی کے مطابق گرفتار شخص اس سے قبل بھی 11 اور 18 فروری 2025 کو درج مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے اور ان مقدمات میں ضمانت پر تھا۔
خاتون کو تصاویر و ویڈیوز کے نام پر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار
17
