باڑہ:(سی بی این پاکستان) خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں ریڈ مینار مسجد کے قریب پولیس اور ایک مسلح شخص کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم یارمحمد ولد جان محمد مارا گیا، جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوا۔پولیس کے مطابق یار محمد نے ریڈ مینار مسجد میں پناہ لے کر پولیس پر فائرنگ کی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب ملزم یارمحمد مارا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور پشاور کے ایک ٹارگٹ کلنگ کیس میں بھی اس کے ملوث ہونے کے شواہد موجود تھے۔پشاور کے سی سی پی او میاں سعید کے مطابق یار محمد شیخ ادریس ترنگزئی کے قتل میں ملوث تھا، پولیس کے مطابق شیخ ادریس ترنگزئی کو 5 مئی 2026 کو داعش خراسان سے منسوب حملے میں قتل کیا گیا تھا۔سی سی پی او کے مطابق پولیس کارروائی کے دوران ایک کانسٹیبل بھی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ فائرنگ اور پولیس کارروائی کی مبینہ فوٹیجز بھی سامنے آئی ہیں۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، حکام کی جانب سے ہلاک شخص کے خلاف مقدمات، کارروائی کی مکمل تفصیلات اور واقعے کے دیگر پہلوؤں سے متعلق مزید معلومات سامنے لائی جا رہی ہیں۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے یار محمد کا تعلق شیخان کلے پشاور سے تھا اور وہ متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یار محمد کے دہشت گرد تنظیموں سے روابط کے شواہد بھی موجود تھے۔مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص پر چار سدہ میں شہید کیے گئے شیخ الحدیث مولانا شیخ محمد ادریس کے قتل میں بھی ملوث ہونے کا الزام تھا۔
باڑہ، پولیس مقابلے میں مطلوب ملزم یارمحمد مارا گیا، سکیورٹی سخت
14
