پشاور:(سی بی این پاکستان) صوبائی دارالحکومت پشاور میں آن لائن گیم میں لاکھوں روپے ہارنے والے 2 نوجوانوں کی جانب سے خودساختہ اغوا کا ڈراپ سین، پولیس نے ڈرامہ بے نقاب کر دیا۔متھرا پولیس نے دونوں نوجوانوں کو بازیاب کرلیا، جنہوں نے مبینہ طور پر آن لائن جوا کھیلتے ہوئے لاکھوں روپے گنوائے تھے۔پولیس کے مطابق ایک نوجوان نے اپنے ہی والد سے 10 لاکھ روپے تاوان طلب کرکے اسے بلیک میل کرنے کی کوشش کی، تاہم تفتیش کے دوران خودساختہ اغوا کا معاملہ سامنے آگیا۔ایس پی ورسک طیب جان نے ڈی ایس پی ارباب نعیم حیدر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ 26 ستمبر کو تیمور خان کی والدہ نے متھرا پولیس کو اپنے 26 سالہ بیٹے کے اغوا کی رپورٹ درج کرائی تھی۔خاتون کے مطابق مبینہ اغوا کاروں کی جانب سے 10 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی اور مقامی دکانداروں سے بھی پوچھ گچھ کی، تاہم نوجوان کے اغوا سے متعلق کوئی واضح سراغ نہیں ملا۔پولیس کے مطابق تیمور خان کے سی ڈی آر کی جانچ سے معلوم ہوا کہ وہ موبائل فون کا بہت زیادہ استعمال کرتا تھا۔ اس نے جولائی میں نئی سم حاصل کرکے اسی پر ایزی پیسہ اکاؤنٹ فعال کیا تھا۔تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ مبینہ اغوا سے صرف ایک گھنٹہ قبل نوجوان نے اسی اکاؤنٹ سے 2 ہزار روپے نکلوائے تھے، جبکہ واٹس ایپ کے ذریعے اپنے والد صدر گل کو پیغامات بھیج کر تاوان کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔پولیس کے مطابق گرفتاری کے بعد تیمور خان نے بتایا کہ وہ خوف کے باعث کراچی فرار ہوگیا تھا، کیونکہ وہ آن لائن گیم میں مبینہ طور پر 8 لاکھ روپے ہار چکا تھا۔ایس پی ورسک طیب جان کے مطابق متھرا میں اسی نوعیت کا ایک اور کیس بھی رپورٹ ہوا تھا۔ 3 ستمبر کو پھل فروش محمد امین نے پولیس کو بتایا کہ اس کا 23 سالہ بیٹا محمد ولید، جو بی ایس سی کا طالب علم اور نرسنگ کورس بھی کرچکا ہے، نیدرلینڈ جانے کے لیے ٹریول ایجنٹ آفتاب کے پاس گیا تھا جس کے بعد لاپتہ ہوگیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے محمد ولید کو ہری پور سے بازیاب کرلیا۔ پولیس کے مطابق تفتیش میں اس نوجوان کی جانب سے بھی خودساختہ اغوا کا ڈرامہ رچانے کا انکشاف ہوا۔ یاد رہے کہ آن لائن گیم میں لاکھوں روپے ہارنے کے بعد خودساختہ اغوا کی انوکھی واردات پشاور پولیس نے بے نقاب کر دی.
آن لائن گیم میں لاکھوں روپے ہارنے پر خودساختہ اغوا کا ڈراپ سین، ڈرامہ بے نقاب
16
