پشاور:(سی بی این پاکستان)پشاور کے نادرن بائی پاس پر پولیس پارٹی پر مبینہ دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں بدنام زمانہ اشتہاری مجرم ممتاز عرف ممتازے سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ دو ایس ایچ اوز زخمی ہوگئے۔ تھانہ شاہ پور کی حدود نادرن بائی پاس پر پولیس پارٹی بدنام زمانہ اشتہاری مجرم ممتاز عرف ممتازے کو اسلام آباد سے پشاور منتقل کررہی تھی کہ اس دوران مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر شدید فائرنگ کردی اور ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ اور ہینڈ گرنیڈ حملے کے نتیجے میں دو ایس ایچ اوز زخمی ہوئے، جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آوروں میں سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔حملے کے دوران پولیس کو مطلوب اشتہاری مجرم ممتاز عرف ممتازے بھی ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ممتاز عرف ممتازے پشاور پولیس کو تقریباً 40 مقدمات میں مطلوب تھا اور اسے آج انٹرپول کے ذریعے پاکستان لایا گیا تھا۔ممتازے کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے پشاور منتقل کیا جارہا تھا کہ نادرن بائی پاس پر پشاور میں پولیس پارٹی کو نشانہ بنایا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
پشاور نادرن بائی پاس پر پولیس پر حملہ، انٹرپول سے واپس لایا گیا مطلوب ملزم 2 ساتھیوں سمیت ہلاک
32
