(سی بی این سپورٹس)پاکستان نے معاذ صداقت کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔راولپنڈی میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں نوجوان بیٹر معاذ صداقت اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری مکمل کرنے سے صرف چار رنز کی دوری پر رہ گئے تاہم ان کی جارحانہ بیٹنگ نے پاکستان کو سری لنکا کے خلاف تاریخی مجموعہ بنانے میں مدد دی۔پاکستان نے معاذ صادقٹ کے 51 گیندوں پر 96 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔یہ پاکستان کا اپنی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے 2021 میں کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 وکٹوں پر 208 رنز بنائے تھے۔مجموعی طور پر یہ پاکستان کا دوسرا بڑا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکور بھی ہے۔ قومی ٹیم نے 2021 میں ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف 6 وکٹوں پر 232 رنز بنائے تھے۔معاذ نے کپتان صاحبزادہ فرحان کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کی۔ان کے سات چھکے کسی پاکستانی بیٹر کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کے ریکارڈ کے برابر ہیں۔یاد رہے کہ اپنا دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے معاذ نے ڈیبیو میچ میں بھی نصف سنچری بنائی تھی۔
معاذ صداقت کی دھواں دار بیٹنگ، پاکستان نے سری لنکا کیخلاف نیا ریکارڈ قائم کردیا
5
